Thursday, December 16, 2021

سچ اور جھوٹ اسلام کی نظر میں" نامی کتاب کا ہوا رسمِ اجراء"

"سچ اور جھوٹ اسلام کی نظر میں" نامی کتاب کا‌ہوا رسمِ اجراء

۶/جُمادی الاولیٰ ۱۴۴۳ھ مطابق ۱۱/دسمبر ۲۰۲۱ء دن سنیچر کو بعد نمازِ ظہر جامعہ قاسمیہ اشرف العلوم نواب گنج علی آباد ضلع بہرائچ کے صحن میں ایک تقریب رسمِ اجراء منعقد ہوئی، جس میں ناچیز کی لکھی ہوئی کتاب سچ اور جھوٹ اسلام کی نظر میں کا رسمِ اجراء عمل میں آیا۔

تقریب کا آغاز حضرت قاری جنید احمد صاحب ہربسپوری کی تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، اور نعتیہ کلام جامعہ ہذا کے شعبۂ حفظ کے استاذ حضرت قاری عمار احمد صاحب نے پیش کی۔

پھر حضرت مفتی صہیب احمد صاحب قاسمی ناظم جامعہ اصحابِ صفہ نواب گنج، حضرت مولانا محمد سفیان صاحب قاسمی ناظرپورہ بہرائچ، حضرت مفتی عبداللہ صاحب قاسمی منوریہ بھوجہ اور حضرت مفتی محفوظ الرحمٰن صاحب قاسمی استاذ مدرسہ دارالعلوم عربیہ جلیلیہ فرقانیہ جرول نے کتاب کی مناسبت سےسچ اور جھوٹ کے عنوان پر قرآن کریم و احادیث شریفہ کی روشنی میں جامع اور پُراثر تقریریں کی، جب کہ درمیان میں حضرت مولانا امانت اللہ صاحب قاسمی ناظم تعلیمات جامعہ مظہر العلوم نانپارہ نے بھی نعتیہ کلام سے سامعین کو محظوظ فرمایا، اور نظامت کے فرائض ناچیز نے انجام دئیے۔

اخیر میں حضرت مولانا عبد القیوم صاحب قاسمی مہتمم مدرسہ عربیہ کاشف العلوم نانپارہ کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا، دعا کے بعد حضرت والا ہی کے ہاتھوں سے سچ اور جھوٹ اسلام کی نظر میں نامی کتاب حاضرین میں تقسیم کی گئی۔

اس تقریب میں قرب و جوار کے علماء و حفاظ اور قصبہ نواب گنج کی عوام و خواص کافی تعداد‌میں موجود رہے، جن میں سے کچھ افراد کے نام پیشِ خدمت ہے:
حضرت مولانا وصی اللہ صاحب قاسمی قاضی پورہ بہرائچ
حضرت مولانا محمد الیاس صاحب قاسمی مہتمم جامعہ مظہر العلوم نانپارہ
حضرت مولانا محمد داؤد صاحب قاسمی نائب مہتمم مظہر العلوم نانپارہ
حضرت مولانا محمد فرید صاحب قاسمی مظہر العلوم نانپارہ
حضرت مولانا صغیر عالم صاحب حلیمی مہتمم مدرسہ حلیمیہ سبیل السلام ‌نانپارہ
حضرت مولانا سمیع الدین صاحب قاسمی مدرسہ حلیمیہ سبیل السلام ‌نانپارہ
حضرت مولانا عبد الحکیم صاحب قاسمی مدرسہ فیض العلوم نانپارہ
حضرت مولانا رضوان احمد صاحب ندوی نانپارہ
حضرت مولانا محمد یوسف صاحب ناظم جامعہ رشیدیہ دارالرشاد نبیا شاہ محمد پور نانپارہ
حضرت مولانا محمد صدام صاحب قاسمی مدرسہ رشیدیہ قاسم العلوم بنکسہی
حضرت قاری اشتیاق احمد صاحب مدرسہ رشیدیہ قاسم العلوم بنکسہی
حضرت حافظ علیم الدین صاحب کنڈہ
حضرت حافظ عبدالوحید صاحب نانپارہ
حضرت حافظ محمد ذاکر صاحب نواب گنج
حضرت حافظ محمد عمار  صاحب نواب گنج
عزیزم مولوی محمد شعیب سلمہ نواب گنج
عزیزم حافظ محمد نسیم سلمہ نواب گنج
محترم جناب الحاج لطف الرحمٰن صاحب عرف معطی سابق پردھان ‌نواب گنج
محترم جناب الحاج شکیل احمد  صاحب نواب گنج
محترم جناب الحاج شمیم احمد صاحب نواب گنج
محترم جناب عبد الحکیم صاحب نواب گنج
محترم جناب عبد اللطیف صاحب نواب گنج
محترم جناب عبد الحلیم صاحب صدر جامعہ ہذا نواب گنج
محترم جناب نفیس احمد صاحب نواب گنج
محترم جناب ڈاکٹر شکیل احمد   صاحب نواب گنج
محترم جناب ڈاکٹر مشتاق احمد صاحب نواب گنج
اور بھی بہت سےحضرات اور جامعہ ہذا کے طلبہ بھی  موجود رہے۔

سچ اور جھوٹ اسلام کی نظر میں  نامی کتاب مفت تقسیم کرنے کے لیے چھپوائی گئی ہے؛ اس لیے جو حضرات مدرسہ آسکتے ہوں وہ یہاں آکر یہ کتاب حاصل کرسکتے ہیں، اور جو حضرات دور کے ہیں وہ میرے پرسنل پر اپنا پتا بھیج دیں ان شاءاللہ ڈاک سے روانہ کردیا جائے گا۔
پی ڈی ایف کے خواہشمند حضرات بھی پرسنل پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

🖊️زین  العابدین قاسمی
خادم جامعہ قاسمیہ اشرف العلوم نواب گنج علی آباد ضلع بہرائچ یوپی
9670660363

Wednesday, December 15, 2021

حج ۲۰۲۲ کی شرائط میں ہوئی تبدیلی

حج ۲۰۲۲ کی شرائط میں ہوئی تبدیلی

اب ۶۵/ سال سے اوپر کے لوگ بھی سفرِ حج پر جا سکیں گے

۱۴/ دسمبر ۲۰۲۱ کو حج کمیٹی آف انڈیا نے اپنی آفیشیل ویب سائٹ پر ایک سرکلر جاری کرکے واضح کردیا ہے کہ اب سفرِ حج پر جانے کے لیے عمر کی قید کو ختم کردیا گیا ہے، اور اب ۶۵/ سال سے اوپر والے افراد بھی حج کا‌فارم بھرسکتے ہیں۔ یعنی اب عمر کی کوئی ‌قید نہیں ہے۔

واضح رہے کہ حج کا فارم بھرنے کی آخری تاریخ ۳۱/ جنوری ۲۰۲۲ ہے۔

🖊️ زین العابدین قاسمی
خادم جامعہ قاسمیہ اشرف العلوم نواب گنج علی آباد ضلع بہرائچ
9670660363

Tuesday, December 7, 2021

تقریب رسمِ اجراء

تقریب رسمِ اجراء

الحمد للہ میری یہ کتاب (سچ اور جھوٹ؛ اسلام کی نظر میں) طباعت کے مرحلے سے گذر کر (چھَپ کر) آچکی ہے۔

اب مؤرخہ ۶/ جُمادی الاولیٰ ۱۴۴۳ھ مطابق ۱۱/دسمبر ۲۰۲۱ء روزِ شنبہ (سنیچر) کو بعد نمازِ ظہر دو بجے‌ جامعہ قاسمیہ اشرف العلوم نواب گنج علی آباد ضلع بہرائچ یوپی میں متعدد اکابر علمائے کرام کی موجودگی میں اس کتاب کا رسمِ اجراء عمل میں آئے گا۔ ان شاءاللہ

اِس کتاب پر دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم حضرت الاستاذ *مفتی محمد راشد اعظمی* صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی تقریظ موجود ہے،۔

سرِدست میں اپنے ایک مخلص دوست، نوجوان فاضل، متحرک و فَعّال عالم مولانا وصی اللہ قاسمی زادہ اللہ علما و فضلا کا تبصرہ پیش کررہا ہوں۔ 👇🏻

کتاب کا نام: سچ اور جھوٹ؛ اسلام کی نظر میں

مرتب: مولانا زین العابدین قاسمی

تبصرہ نگار: وصی اللہ بہرائچی

 مذہب اسلام صرف چند عبادات کے مجموعے کا نام نہیں؛ بلکہ حقیقت میں وہ انسانی زندگی گزارنے کے اصول و ضوابط اور طریقے و سلیقے کا نام ہے۔ جو انسانی زندگی کے ہر شعبے میں مکمل اور واضح رہنمائی کرتا ہے، کسی بھی گوشہ کو تشنہ نہیں چھوڑا ہے۔ چنانچہ گفتگو کرنے کے حوالے سے بھی اسلام نے انتہائی واضح اور روشن ہدایات دی ہیں۔ اسلام اپنے پیروکاروں سے گفتگو میں سچائی کو اختیار کرنے کا اور جھوٹ سے بچنے کا حکم دیتا ہے۔ نہ صرف یہ کہ مسلمانوں کو سچ بولنے کی تلقین کرتا ہے؛ بلکہ سچوں کے ساتھ رہنے کی بھی تاکید کرتا ہے۔ فرمان خداوندی ہے يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَكُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ ( سورۂ توبہ ) ترجمہ: اے مومنو! اللہ سے ڈرو اور سچوں کے ساتھ ہو جاؤ۔ جھوٹ سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے پروردگار فرماتا ہے وَاجْتَنِبُوا قَوْلَ الزُّورِ (سورۂ حج ) ترجمہ: جھوٹی باتوں سے اجتناب کرو۔ 
  اسی طرح متعدد احادیث میں صدق و کذب کے تعلق سے جناب نبئ کریم ﷺ کے قیمتی ارشادات موجود ہیں۔ ویسے تو دنیا کے دیگر تمام مذاہب سچ بولنے کی تعلیم دیتے ہیں۔ مگر مذہب اسلام میں صدق گوئی کی جتنی اہمیت ہے اتنی اہمیت کسی مذہب میں نہیں ہے۔ نبی کریم ﷺ نے سچائی کو ایمان کے ساتھ جوڑ کر پیش کیا ہے، حدیث نبوی ہے: قيل لرسول الله صلى الله عليه وسلم: أيكون المؤمن جبانا ؟ فقال: نعم ، فقيل له: أيكون المؤمن بخيلا ؟ فقال: نعم ، فقيل له: أيكون المؤمن كذابا ؟ فقال: لا ۔ مشہور ثقہ تابعی جناب صفوان بن سلیم فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ سے پوچھا گیا : کیا مومن بزدل ہوسکتا ہے ؟ آپ نے فرمایا: ہاں، عرض کیا گیا کہ کیا مومن بخیل ہوسکتا ہے ؟ آپ نے فرمایا:جی ہاں، پھرآپ سے پوچھا گیا : کیا مومن جھو‎ٹا ہوسکتا ہے ؟ آپ نے فرمایا کہ نہیں۔‘‘ ( مؤطا امام مالک )
مطلب واضح ہے کہ جھوٹا شخص حقیقی اور کامل مومن نہیں۔ 
 جھوٹ کی قباحت کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے اسے منافق کی علامت قرار دیا ہے۔ فرمان نبوی ہے۔  آيَةُ الْمُنَافِقِ ثَلَاثٌ، ‏‏‏‏‏‏إِذَا حَدَّثَ كَذَبَ، ‏‏‏‏‏‏وَإِذَا وَعَدَ أَخْلَفَ، ‏‏‏‏‏‏وَإِذَا اؤْتُمِنَ خَانَ۔  ترجمہ: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، منافق کی علامتیں تین ہیں۔ جب بات کرے جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے اس کے خلاف کرے اور جب اس کو امین بنایا جائے تو خیانت کرے۔ ( بخاری شریف، کتاب الایمان ) 
زیر نظر کتاب "سچ اور جھوٹ؛ اسلام کی نظر میں" جس کے مرتب حضرت مولانا زین العابدین قاسمی دامت برکاتہم ناظم جامعہ قاسمیہ اشرف العلوم نواب گنج علی آباد ہیں۔ اس میں حضرت مولانا نے سچ اور جھوٹ کے سلسلے میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلامی تعلیمات کو خوب اچھے انداز میں پیش کیا ہے۔ کتاب اگرچہ ضخامت کے لحاظ سے مختصر ہے مگر اپنے عنوان پر انتہائی جامع رسالہ ہے۔ ان شاءاللہ کتاب اپنے عنوان پر ایک بہترین اضافہ ثابت ہوگی۔ کتاب کے معتبر اور مستند ہونے کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ اس میں صرف قرآن و احادیث کی روشنی میں بات کی گئی ہے۔ 
 کتاب کے شروع میں حضرت اقدس مولانا مفتی محمد راشد اعظمی دامت برکاتہم نائب مہتمم دارالعلوم دیوبند کی تقریظ شامل کتاب ہے۔ حضرت مفتی صاحب فرماتے ہیں "بڑی خوشی کی بات ہے کہ جناب مولانازین العابدین قاسمی زید لطفہ نے اس مختصر رسالے میں بڑی جامعیت کے ساتھ کتاب وسنت کی روشنی میں سچ کی اہمیت اور جھوٹ کی قباحت و شناعت کو بیان کیا ہے ۔ انھوں نے اس سلسلے کی آیات و احادیث کی بہترین اور دلنشین تشریح کر دی ہے ۔ اللہ تعالی اس کتاب کو مقبول اور مفید بنا کر اس کو سچوں کی تعداد میں اصافہ کا ذریعہ بنائے ، آمین"

چونکہ کتاب عوام و خواص ہر ایک کے لیے یکساں مفید اور کارآمد ہے، لہذا اس کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر بندہ کی ذاتی خواہش ہے کہ اس کتاب کو عوام و خواص ہر مسلمان کے گھر میں ہونا چاہئے، جہاں اسے بچوں اور اہل خانہ کے سامنے پڑھا جائے۔ شخصیت سازی میں یہ کتاب اہم کردار ادا کرے گی۔ ان شاءاللہ
 
کتاب ۲۰ صفحات پر مشتمل ہے، صفحہ ۳ پر حضرت نائب مہتمم صاحب کی تقریظ ہے جبکہ صفحہ ۴ سے کتاب شروع ہو جاتی ہے۔ کتاب کی طباعت بھی اعلیٰ درجہ کی ہے۔ کتابت مولانا موصوف نے خود انجام دی ہے۔ سرورق کا ٹائٹل انتہائی دیدہ زیب اور اعلی ذوق کی غماز ہے۔ 
  

کتاب کا نام: سچ اور جھوٹ اسلام کی نظر میں

 مرتب: مولانا محمد زین العابدین قاسمی ناظم جامعہ قاسمیہ اشرف العلوم نواب گنج علی آباد بہرائچ
صفحات:  ۲۰
قیمت: ہدیہ اس شرط کے ساتھ کہ پوری کتاب بغور ضرور پڑھی جائے
ناشر: شعبۂ نشر و اشاعت جامعہ قاسمیہ اشرف العلوم نواب گنج علی آباد بہرائچ
طابع: مکتبۂ صفدریہ دیوبند 




تبصرہ نگار
وصی اللہ بہرائچی
قاضی پورہ شہر بہرائچ
یکم جمادی الاولی ۱۴۴۳
مطابق ۶ دسمبر ۲۰۲۱