Tuesday, August 29, 2023

مسجدوں کے منبر سے حج کی ترغیب کی ضرورت

مسجدوں کے منبر سے حج کی ترغیب کی ضرورت

🖊️ زین العابدین قاسمی
خادم جامعہ قاسمیہ اشرف العلوم نواب گنج علی آباد ضلع بہرائچ

حدیث شریف میں دینِ اسلام کی بنیاد جن پانچ چیزوں پر بتائی گئی ہے اُن میں سے چار چیزیں؛ نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج عبادات ہیں، اور یہ چاروں اسلام کی بڑی اہم عبادات ہیں۔

اِن میں سے نماز، روزہ اور زکوٰۃ کے سلسلے میں مسجد کے منبر وغیرہ سے ترغیبی بیانات زیادہ ہوتے رہتے ہیں، لوگوں کو خوب ابھارا جاتا ہے، شوق دلایا جاتا ہے، اور وعیدوں (سزاؤں) سے ڈرایا جاتا ہے۔ جس کا فائدہ بھی خوب ہوتا ہے، لوگ اِن عبادات کا اہتمام بھی کرتے ہیں۔

مگر حج کے سلسلے میں ترغیبی بیانات پر علماء، خطباء، واعظین اور قلم کار حضرات توجہ کم‌ دیتے ہیں، اور توجہ بھی دیتے ہیں تو اُس وقت جب حج کا‌مہینہ آتا ہے، یا لوگ حج پر جانے لگتے ہیں، حالاں کہ موجودہ زمانے میں اُس وقت ترغیبی بیانات بے موقع اور بے وقت ثابت ہوتے ہیں؛ کیوں کہ اُس وقت اگر کوئی شخص ترغیبی ‌بیان سن کر متأثر ہوتا ہے اور سفرِ حج کا ارادہ بھی بناتا ہے تو چوں کہ سفرِ حج کے لیے کئی مہینوں پہلے ہی سے کارروائی شروع ہوجاتی ہے اس لیے اب اس کو اگلے سال ہی سفر کا‌موقع مل پائے گا، اتنے لمبے عرصے میں اُس کا شوق اور جذبہ ٹھنڈا پڑ سکتا‌ہے۔

ہاں جس زمانے میں حج کی کارروائی کے لیے کئی کئی مہینوں کی ضرورت نہیں ہوتی تھی؛ بلکہ آناً فاناً بھی شوال یا ذوقعدہ کے مہینے میں کوئی حج کا ارادہ بناتا تو وہ بھی بآسانی جاسکتا تھا، تو اُس زمانے میں ترغیبی بیانات کے لیے شوال اور ذوقعدہ کے مہینے ہی موزوں ہوتے تھے۔

چنانچہ حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ کے خطبات کا‌مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کا معمول یہ تھا کہ ہر سال شوال کے مہینے میں حج کے موضوع پر زیادہ بیان فرماتے تھے اور اس کی وجہ لوگوں کو حج کی ترغیب دینی ہوتی تھی، اُس وقت جس کے دل میں حج کا شوق پیدا ہوتا آسانی کے ساتھ حج کرنے چلا جاتا تھا۔

موجودہ وقت میں چوں کہ حج کی کارروائی کئی مہینوں تک چلتی ہے، اس لیے جب حج کی کارروائی شروع ہونے کا وقت آئے اُس سے پہلے ہی ترغیبی بیانات کا سلسلہ شروع کردینا چاہیے۔جیسے 2024/۱۴۴۵ کے سفرِ حج کے لیے ماہِ اکتوبر سے فارم‌بھرے جائیں گے، اور فارم بھروانے کے لیے پاسپورٹ ہونا ضروری ہے، اور پاسپورٹ بنوانے کے لیے ایک سے دو مہینے کا‌وقت لگ جاتا ہے، اِس اعتبار سے دیکھا جائے تو حج کے تعلق سے ترغیبی بیانات کے لیے یہ وقت یعنی ستمبر کا مہینہ زیادہ موزوں ہے۔ لہٰذا اِس وقت اگر حج کی اہمیت اور اس کے فضائل، حج فرض ہونے کے باوجود ادائیگی نہ کرنے پر وعید، حج کے دینی و دنیاوی فائدے، حرمین شریفین کے فضائل، مقاماتِ مقدسہ کے فضائل وغیرہ کے موضوعات پر بیان کرکے لوگوں کو ابھارا جائے، انہیں شوق دلایا جائے، اور اِس سے متاثر ہوکر اگر کوئی شخص حج کرنا‌چاہے تو 2024 کے حج کی تیاری آرام سے کرسکتا ہے۔‌

بہت سے مالدار لوگ ایسے ہیں جن پر حج فرض ہے، حج کرنے میں کوئی چیز رکاوٹ بھی نہیں ہے، لیکن غفلت و لاپرواہی اور دنیا کے کاموں میں مصروف ہونے کی وجہ سے اُن کا دھیان حج کرنے کی طرف نہیں جاتا ہے، مگر یہ لوگ جب حج کا بیان سنتے ہیں تو انہیں احساس ہوتا ہے، اور حج کی تیاری شروع کردیتے ہیں، ایسی بہت سی مثالیں بھی موجود ہیں۔

لہٰذا آنے والے دو تین جمعہ میں اگر مسجد کے منبر سے حج کے عنوان پر بیان کا اہتمام کیا جائے تو اللہ کے بہت سے بندوں کے دل میں حج کا شوق پیدا ہوسکتا ہے۔

No comments:

Post a Comment