حج ۲۰۲۲ کے لیے آنلائن درخواست دینے کی تاریخ میں توسیع
حج ۲۰۲۲ کی تیاریاں زوروں پر ہے، آنلائن فارم بھرے جارہے ہیں، آنلائن فارم بھرنے کی آخری تاریخ ۳۱/ جنوری سے بڑھا کر ۱۵/ فروری کردی گئی ہے۔
حج کمیٹی آف انڈیا نے اپنے آفیشیل ویب سائٹ http://hajcommittee.gov.in/ پر سرکلر جاری کرکے یہ اعلان کیا ہے کہ اب حج ۲۰۲۲ کے لیے آنلائن فارم ۱۵/فروری ۲۰۲۲ تک بھرے جائیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے گذشتہ دو سالوں سے سعودی عرب کے علاوہ دوسرے ممالک سے عازمین حج کے جانے پر پابندی لگی تھی۔ مگر اب چوں کہ حالات کافی حد تک سازگار ہوچکے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے یہ امید لگائی جارہی ہے کہ ۲۰۲۲ میں اپنے ملک ہندوستان سے عازمین حج کو روانگی کی اجازت مل جائے گی۔ ان شاءاللہ
اسی امید کے پیشِ نظر حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے تیاری زور و شور سے چل رہی ہے، اور عازمین حج کے فارم بھروائے جارہے ہیں، نیز سفرِ حج پر جانے والے عازمینِ حج کے حج کو آسان اور سفرِ حج کو آرام دہ بنانے کے لیے گذشتہ ماہ (۸ و ۹ جنوری کو) حج ہاؤس ممبئی میں دو روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد بھی ہوا تھا۔ جس میں حج سے متعلق ساری ایجنسیوں کے افراد نے شرکت کرکے ٹرینر حضرات (معلم الحجاج اور خادم الحجاج) کو تمام تفصیلات اور انتہائی اہم و قیمتی باتوں سے آگاہ کیا تھا۔
جو خواہش مند حضرات ابھی تک حج کا فارم نہیں بھر سکے ہیں ان کے لیے ابھی موقع ہے جلد از جلد فارم بھروالیں!
نوٹ: حج کا فارم بھرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔ نیز یہ بھی یاد رہے کہ ایک حاجی پر سفرِ حج کا خرچ تقریباً تین لاکھ پینتیس ہزار روپے (335000) آئے گا۔ یہ خرچ حتمی نہیں ہے؛ بلکہ صرف تخمینی ہے۔
🖊️ زین العابدین قاسمی
خادم جامعہ قاسمیہ اشرف العلوم نواب گنج علی آباد ضلع بہرائچ یوپی
و معلم الحجاج (حج ٹرینر)
9670660363📱
No comments:
Post a Comment