عشرۂ ذی الحجہ کس طرح گذاریں؟
زین العابدین قاسمی
خادم جامعہ قاسمیہ اشرف العلوم نواب گنج علی آباد ضلع بہرائچ
9670660363
آج مؤرخہ ۱۹/ جون۲۰۲۳ء کو اسلامی/ہجری کیلنڈر کے آخری اور بارہویں مہینہ ذوالحجہ کا چاند نکل آیا ہے، عشرۂ ذی الحجہ کی بابرکت اور فضیلت والی ساعتیں شروع ہوچکی ہیں، جیسا کہ قرآن وحدیث کی روشنی میں اِن دس دنوں کی فضیلتیں آئی ہیں، سب سے بڑی فضیلت تو یہی ہے کہ ان دس دنوں کے اندر کیا جانے والا ہر نیک عمل اللہ تعالیٰ کو بہت محبوب اور پسندیدہ ہے؛ لہذا اب ہم سب کو چاہیے کہ نیک عمل کی کثرت شروع کردیں۔
۞ سب سے پہلے تو یہ طے کرلیں کہ پانچوں نمازیں باجماعت ادا کرنے کا اہتمام کریں گے، اس کے لیے مسجد جلدی پہنچنے کی کوشش کریں تاکہ تکبیر اولیٰ ہی سے امام کے ساتھ شریک رہیں۔
۞سنت مؤکدہ و سنت غیر مؤکدہ اور نوافل کا بھی اہتمام کریں، جن نمازوں کے بعد دو رکعتیں نفل پڑھتے تھے تو اب نفل کی رکعتوں کو دو سے بڑھالیں، کم سے کم چار یا چھ یا آٹھ یا جس قدر ہوسکے پڑھیں۔
۞ تہجد کی نماز پڑھنے کا اہتمام ضرور کریں، نیز اشراق، چاشت، اوّابین کی نمازوں کا بھی اہتمام کریں۔
۞ وضو گھر یا دوکان پر بنائیں اور وہیں دو رکعت تحیۃ الوضو پڑھیں، پھر مسجد پہنچ کر دو رکعت تحیۃ المسجد پڑھیں۔
۞مسجد پہنچنے کے بعدتحیۃ المسجد اور سنت پڑھ کر فارغ ہوجائیں اور جماعت کھڑی ہونے میں ابھی وقت باقی ہو تو تسبیح (سُبْحَانَ اللہِ وَبِحَمْدِہٖ سُبْحَانَ اللہِ الْعَظِیْم )، استغفار (اَسْتَغْفِرُ اللہَ الَّذِیْ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ وَاتُوْبُ اِلَیْہِ)اور درود شریف پڑھتے رہیں۔
۞ ہر نماز سے پہلے اور بعد میں تھوڑی دیر قرآن کریم پڑھنے کا معمول بنالیں۔
۞ قرآن کریم اس کثرت سے پڑھیں کہ دس دنوں کے اندر کم از کم ایک بار پورا قرآن ختم کردیں، یا پھر جتنا بھی ہوسکے پڑھیں۔
۞ہر وقت باوضو رہنے کی کوشش کریں، جب بھی وضو ٹوٹے تو فورا وضو بنالیں، نماز کا وقت آنے کا انتظار نہ کریں۔
۞ہرخالی وقت میں زبان پر تسبیح، استغفار، درود شریف جاری رہے۔
۞ حسبِ حیثیت صدقہ خیرات کرتے رہیں۔
۞ غریبوں، محتاجوں، ضرورت مندوں کی خبر گیری کرتے رہیں۔ (اس انتظار میں نہ رہیں کہ کوئی مانگنے والاآئے تب دوں؛ بلکہ خود پتہ لگانے کی کوشش کریں کہ کون ضرورت مند ہے؟ کس کو کس چیز کی ضرورت ہے؟)
۞ اپنی مسجدوں کے امام و مؤذن، مدرسوں/مکتبوں میں پڑھانے والے علماء و حفاظ کو ہدیہ و تحفہ بھی دینےکی کوشش کریں۔
۞ گناہوں سے دور رہنے کی پوری کوشش کریں۔
۞ ہمارے جسم کے جن اعضاء سے گناہ زیادہ صادر ہوتے ہیں ان کے استعمال میں کافی احتیاط برتیں۔ جیسے: آنکھ، کان، زبان۔
۞ پہلی تاریخ سے لے کر نویں تاریخ تک جتنے دن بھی ہوسکے روزہ رکھیں، خصوصاً نویں تاریخ یعنی عرفہ کے دن ضرور روزہ رکھیں۔
۞ ذوالحجہ کی پہلی رات سے لے کر دسویں رات تک ہر رات میں جتنی دیر بھی ہوسکے عبادت کریں۔
۞ اگررات کے آخری حصہ میں جاگنا آسان ہو تو عشاء پڑھ کر فورا سوجائیں اور رات کے آخری حصہ میں اٹھ کر عبادت میں مصروف ہوجائیں؛ کیونکہ رات کا آخری حصہ بہت قیمتی ہوتا ہے، اُس وقت عبادت کرنے والوں سے اللہ بہت خوش ہوتے ہیں۔ اور اگر آخری حصہ میں جاگنا دشوار ہو تو عشاء کے بعد ہی جتنی دیر بھی ہوسکے عبادت میں مشغول رہیں پھر سوجائیں۔
۞ ماں باپ کی خدمت کرتے رہیں، ان کو ہر طرح سے آرام پہنچانے کی کوشش کریں، ان کی کسی بات کا جواب اس طرح ہرگز نہ دیں کہ ان کو معمولی تکلیف بھی پہنچے۔
۞ پڑوسی کے ساتھ اچھا سلوک کریں، ہمارے گھر میں کوئی اچھی چیز بنے تو تھوڑا سا پڑوسی کے گھر بھی بھیجوادیں۔
۞ ہر ایک کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئیں۔
۞ ہمارے ساتھ کوئی برا سلوک کرے تب بھی ہم اس کے ساتھ اچھا برتاؤ ہی کریں۔
۞ سچائی اور دیانتداری کے ساتھ تجارت اور کاروبار کریں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
No comments:
Post a Comment